ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / آل انڈیاتعلیمی وملی فاؤنڈیشن کے نائب صدرحاجی ابوالکلام علیگ کاانتقال

آل انڈیاتعلیمی وملی فاؤنڈیشن کے نائب صدرحاجی ابوالکلام علیگ کاانتقال

Sat, 20 Aug 2016 20:14:20    S.O. News Service

نئی دہلی20اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)طویل علالت کے بعدآل انڈیاتعلیمی وملی فاؤنڈیشن کے نائب صدرحاجی ابوالکلام علیگ19؍اگست کواپنے آبائی وطن برئی پور،اعظم گڑھ میں وفات پاگئے۔مرحوم کی وفات کی خبرملتے ہی ملی فاؤنڈیشن کے صدرمولانااسرارالحق قاسمی نے اپنے شدیدرنج وغم کااظہارکیااورفاؤنڈیشن کے دفتر میں ایک تعزیتی نشست منعقدکی گئی،جس میں مسلمانوں کے تئیں مرحوم کی فکرمندی،ہمدردی اوران کے ملی دردکوبیان کرتے ہوئے مولانااسرارالحق قاسمی نے کہاکہ حاجی صاحب ایک نہایت ہی مخلص اوربے لوث انسان تھے اورمیں نے ان کے دل میں ہمیشہ مسلمانوں کے تئیں ہمدردی و خیرخواہی کے جذبات محسوس کیے۔انھوں نے کہاکہ حاجی صاحب پہلے دن سے فاؤنڈیشن کے ایک مضبوط اورمخلص ترین رکن تھے اورانھوں نے فاؤنڈیشن کی تعمیروترقی میں مادی و معنوی ہر اعتبارسے بھرپورتعاون کیا،وہ ایک صاحبِ بصیرت انسان تھے اورحالات پران کی گہری نظررہتی تھی۔انھوں نے کاروبارکے سلسلے میں ایک طویل عرصہ سعودی عرب میں گزارالیکن وہاں رہتے ہوئے بھی انھوں نے ہندوستانی مسلمانوں کے مسائل اورمشکلات پرنگاہ رکھی اورانھیں دورکرنے کی تدبیریں بھی کرتے رہے۔مولاناقاسمی نے مرحوم کی وفات پراپنے سخت رنج والم کااظہارکرتے ہوئے کہ حاجی صاحب سے میراتعلق نہایت ہی مخلصانہ اورجذباتی قسم کاتھا،وہ ایک بے لوث ہمدردتھے ،ان کے ذریعے سے ہمیں کام کرنے اورمسلمانوں کی خدمت کرنے کاکافی حوصلہ ملا۔مولانانے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اوران کے صاحبزادگان سے فوری رابطہ کرکے اظہارِتعزیت کیا۔واضح رہے کہ حاجی ابوالکلام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے،آل انڈیاتعلیمی وملی فاؤنڈیشن کے نائب صدرتھے اورمتعددملی وسماجی اداروں سے ان کاگہراتعلق تھا، سعودی عرب میں ان کاذاتی کاروبارتھا،جہاں وہ کم و بیش پچیس سال تک مقیم رہے۔پچھلے کئی مہینوں سے ان کی طبیعت زیادہ علیل رہنے لگی تھی،اس لیے وہ اپنے وطن اعظم گڑھ چلے گئے تھے،جہاں اچانک ان کی وفات کا سانحہ پیش آیا،مرحوم کی نمازجنازہ آج صبح دس بجے ان کے آبائی گاؤں میں اداکی گئی،جس میں علماء،دانشوران اورعام مسلمانوں نے ہزاروں کی تعدادمیں شرکت کی ۔فاؤنڈیشن کے نائب صدر،مدرسہ عبدالرب دہلی کے شیخ الحدیث مولاناافتخارحسین مدنی، جنرل سکریٹری حاجی پرویزاحمداعظمی،سکریٹری مولانانوشیراحمد،آفس سکریٹری مولانانظام الدین قاسمی ودیگروابستگان نے بھی اپنے دلی صدمے کا اظہارکیاہے اورانھوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اورپسماندگان کے لیے صبرواستقامت کی دعاء کی ہے۔


Share: